جگتیال میں سیرت النبیؐ کانفرنس سے علماء کا خطاب
جگتیال ۔ 22۔ جنوری (اعتماد نیوز) جامع مسجد جگتیال میں ایک روزہ سیرت النبی ؐ کانفرنس کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس عظیم الشان کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے امیر حلقہ جماعت اسلامی آندھراپردیش جناب خواجہ عار ف الدین نے کہا کہ حضور اکرمؐ ہمارے لئے اسوہ ہیں۔ آپؐ کی بعثت کا مقصد اللہ کی زمین پر اللہ اور اس کے دین کو قائم کرنا ہے۔ آپؐ نے اپنی حیات مبارکہ میں سماجی‘ اخلاقی‘ تعلیمی‘ معاشی اور معاشرتی انقلاب برپا کئے۔ ہر قسم کی برائی کو آپؐ نے مٹادیا۔ آپؐ نے معاشرہ کو ظلم وستم‘ جھوٹ‘ دھوکہ‘ فریب‘ زنا‘ شراب‘ رشوت اور دیگر برائیوں سے پاک کیا۔ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ حضور اکرمؐ کی سیرت کے مختلف پہلوؤں کو جانیں اور ان کے مطابق اپنی زندگی گذاریں۔ جناب اقبال احمد انجینئر نے حضور اکرمؐ کی سیاسی زندگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مسلمان حضور اکرمؐ کی زندگی کے ہر پہلو پر عمل کریں اور سیاسی شعور سے کام لیں۔ تحفظات کی
بھیک نہ مانگیں بلکہ حکومت میں اپنا رول ادا کریں۔ مفتی تنظیم عالم قاسمی نے حضور اکرمؐ کے داعیانہ کردار پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج اسلام تیزی سے پھیل رہا ہے‘ جتنا اس کو دبانے کی کوشش کی جائے گی اتنا ہی یہ ابھرتا جائے گا۔ جناب حامد محمد خان نے جمال مصطفیؐ اور کمال مصطفیؐ کے عنوان پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کے رسولؐ انتہائی خوبصورت تھے۔ آپؐ کا چہرہ مبارک چودھویں کے چاند سے زیادہ روشن تھا‘ جو بھی آپؐ کو دیکھتا‘ دیکھتا ہی رہ جاتا ۔ مولانا سرفراز احمد قاسمی نے نبی کریمؐ کی سیرت سے بچوں کی تربیت کے زیرعنوان خطاب کیا اور کہا کہ بچوں کی تربیت دراصل معاشرہ کی اصلاح کا پہلا قدم ہے۔ جناب عبدالرقیب حامد لطیفی ناظم علاقہ وسطی تلنگانہ نے حضورؐ کی محبت کے عملی تقاضے کے عنوان پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محبت‘ اطاعت چاہتی ہے‘ اتباع چاہتی ہے‘ عملی اقدام چاہتی ہے۔ جناب عبدالحی شعیب لطیفی نے افتتاحی کلمات ادا کئے۔ امیر مقامی شعیب الحق طالب نے شکریہ ادا کیا۔ جناب اسحاق علی نے تقریب کی کارروائی چلائی۔